اسلام آباد،08 دسمبر(اے پی پی ):وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں ٹیکسٹائل کا سب سے بڑا حصہ ہے مگر یہ اپنی ممکنہ سطح سے بہت نیچے ہے،ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافے کے لیے ٹیکسٹائل ایکسپو کا انعقاد کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمعہ کو اپنے زیر صدارت ٹیکسٹائل ایکسپورٹ ایڈوائزری کونسل کے پہلے اجلاس میں کیا ۔
اجلاس ڈاکٹر گوہر اعجاز کے “وژن پاکستان: 100 بلین ڈالر کی برآمدات کی راہ” کی جانب اہم قدم ہے ۔ٹیکسٹائل ایکسپورٹ ایڈوائزری کونسل، پاکستان کے بڑے ایکسپورٹرز پر مشتمل ہے۔
معزز ممبران میں مصدق ذوالقرنین، فواد انور، شاہد سورتی، میاں احسن، یعقوب احمد، عامر فیاض شیخ، شاہد عبداللہ، احمد کمال شامل ہیں۔
وزارت تجارت میں جاری بریفنگ میں اس موقف کو اجاگر کیا گیا کہ ایکسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے انڈسٹری کے رہنماؤں سے اجتماعی مشاورت کا آغاز کیا جائے اور ٹیکسٹائل برآمدات کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی اور ان کے حل کے لیے عملی تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس میں پرائیویٹ سیکٹر کے ممبران نے اپنا نقطہ نظر اور مہارت پیش کی۔