پاکستانی140سفارتی شخصیات کی 400 کتب کا احاطہ کرنے والی کتاب ‘ایکسپریشنز’ کی تقریب رونمائی

111

اسلام آباد، 15 دسمبر(اے پی پی): قیام پاکستان سے آج تک پاکستانی سفارت کاروں کی لکھی ہوئی چار سو سے زائد کتب کے بارے میں لکھی ہوئی ایمبیسڈر افراسیاب مہدی ہاشمی قریشی کی انگریزی کتاب ‘ایکسپریشنز’  کی تقریب رونمائی آج جمعہ کو انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں  وزارت خارجہ کے سینئر سابقین، صحافیوں اور دانشوروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کتاب کے مصنف اور مختلف ممالک میں پاکستان کے سفیر رہنے والے ایمبیسڈر افراسیاب مہدی ہاشمی قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میں پاکستان کے پہلے وزیرخارجہ سر ظفراللہ خان، بین الاقوامی شہرت یافتہ سکالر اور قرآن مجید کا مقبول عام انگریزی ترجمہ کرنے والے محمد اسد، ایمبیسڈر جمشید مارکراور شہزادہ علی سلیمان آغا خان جیسے مایہ ناز شخصیات کی تحریروں کے بارے میں تفصیلات شامل ہیں۔ کتاب میں دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا اختتامی خطاب بھی شامل ہے اور بلاول بھٹو زرداری، حنا ربانی کھر اور گوہر ایوب کے بیانات بھی شامل ہیں۔

تقریب سے چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی، انسٹی ٹیو آف ریجنل سٹڈیز کے صدر ایمبیسڈر ندیم ریاض اور دیگر نے خطاب کیا۔ 204 صفحات پر مشتمل کتاب کو نیشنل بک فاؤنڈیشن نے شائع کیا ہے جس میں 19 ابواب ہیں اور قیمت 1585 روپے رکھی گئی ہے۔ کتاب کا انداز بیان دلچسپ، جملے مختصر اور تحریر دلنشین ہیں۔ مصنف افراسیاب نے امریکہ، اقوام متحدہ اور کئی ممالک میں پاکستانی مشنز میں کام کیا ہے۔ وہ بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور کئی دوسرے ممالک کے لئے پاکستان کے سفیر بھی رہے ہیں۔

تقریب کے بعد اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مصنف نے کہا کہ پاکستان کے سفارتی حلقوں میں بہت بڑے نام شامل ہیں۔انہوں نے اپنی کتاب میں ان تمام کتب کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے جو پاکستانی سفارت کاروں نے لکھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کتاب پاکستان کی خارجہ پالیسی، سفارتی تاریخ اور شخصیات میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ اور دانشوروں کے لئے ایک تحفہ ثابت ہوگا۔