پاکستان اور کوریا ایک پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا میں دلچسپی رکھتے ہیں؛ نگران وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر

38

 

لاہور،11 دسمبر( اے پی پی ): نگران وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر  نے  کہا ہے کہ پاکستان اور کوریا ایک پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا میں دلچسپی رکھتے ہیں،پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ثقافتی ورثے کے شعبوں سمیت وسیع تعاون کے مواقع موجود ہیں۔

ان  خیالات  کا اظہار انہوں نے  جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجون سے  گفتگو میں کیا،جنہوں نے  پیر کو  یہاں نگران وزیر سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ  پاکستان اور جنوبی کوریا کے سفارتی تعلقات کے 40 سال مکمل ہونا خوشی کی بات ہے، بڑی تعداد میں پاکستانی ہنر مند اور ماہرین جنوبی کوریا کی ترقی میں اپنا کردار کررہے ہیں۔

جنوبی کوریا کے سفیر  نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں  توانائی اور دیگر شعبوں میں کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا آئندہ سال جبکہ پاکستان 2025 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت حاصل کرے گا۔