کراچی، 13 دسمبر (اے پی پی):پاکستان میرین اکیڈمی میں 60ویں بیچ کی پا سنگ آئوٹ پریڈ ہوئی ،94کیڈٹس نے ناٹیکل سائنسزاور میرین انجینئرنگ میں گریجویشن مکمل کی ۔
پا سنگ آئوٹ پریڈ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری اموروائس ایڈ مرل (ر) افتخار احمد رائو مہمان خصوصی تھے ، تقریب میں پاس آئوٹ کیڈٹس کے اہل خانہ ، فورسز کے افسران اور سول معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے پاسنگ آئوٹ میں اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے والوں میں ایوارڈ اور میڈل تقسیم کئے ، کمانڈنٹ میڈل کیڈٹ محمد اویس خان نے حاصل کیا اور پی این ایس سی ڈیگر کا حقدارکیڈٹ سید شاہ مکنون کو قرار د یا گیا، کیڈٹ محمد زوہیرمہدی نقوی نے چیف آف نیول سٹاف سلور میڈل، کیڈٹ سید احمد رضا نے منسٹر آف میری ٹائم افیئر گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ کیڈٹ محمد بلال نے صدارتی گولڈ میڈل حاصل کیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور وائس ایڈ مرل(ر) افتخار احمد رائو نے خطاب میں پاکستان میرین اکیڈمی پر فخر کا اظہار کیا۔انہوں نے پاکستان میرین اکیڈمی کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اکیڈمی ناٹیکل اور میرین ا نجینئرنگ کے شعبوں میں تربیت کے ساتھ ساتھ جہاز رانی ، سرٹیفکیٹ کورسز اورپوسٹ سی سپیشلایئزڈ کورسز کا بھی انعقاد کرتی ہے ۔
انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ اسی جذبہ اور لگن کے ساتھ کام کرتے رہیں اور اپنے مستقبل کے فرائض کی بہتر ادائیگی کے لئے جہازرانی کی صنعت کے جدید رحجانات سے ہم آہنگ رہیں۔
اس موقع پر کیڈٹس کے چاق و چوبند دستہ نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی اور مارچ پاسٹ کیا ، مہمانوں نے کیڈٹس کی شاندار پریڈ کو سراہا ۔