پاکستان میں طبی تعلیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ،  صحت کے شعبہ میں اصلاحات کی جائیں، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت

92

اسلام آباد،05دسمبر  (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ طبی تعلیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، افرادی قوت کی عالمی مارکیٹ میں صحت کے شعبے کے ماہرین کی مانگ پوری کرنے کے لئے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملک میں طبی تعلیم اور مریضوں کی دیکھ بھال میں اصلاحات کے لئے تشکیل شدہ ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔  اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں صحت کے شعبے کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے بنائی گئی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں صحت کے شعبے کی موجودہ صورتحال اور اس میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ افرادی قوت کی عالمی مارکیٹ میں صحت کے شعبے کے ماہرین کی مانگ پوری کرنے کے لئے ملک میں صحت کے شعبہ میں اصلاحات لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ ایک انتہائی اہم شعبہ ہے اور اس  کی ترقی کیلئے مزید توجہ کی ضرورت ہے۔اجلاس میں وزارت صحت، کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف پاکستان، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور ملک کی میڈیکل یونیورسٹیز کے اشتراک سے شعبہ صحت  میں کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔

  اجلاس میں بتایا گیا کہ شعبہ صحت میں اصلاحات کے لئے تین مراحل پر مشتمل حکمت عملی بنائی گئی ہے جس کا مقصد پاکستانی شعبہ صحت میں بین الاقوامی معیار کے مطابق قواعد و ضوابط کا نفاذ یقینی بنانا ہے۔اجلاس میں شعبہ صحت میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطحوں پر اصلاحاتی حکمت عملی پر بھی بریفنگ  دی گئی۔

وزیراعظم نے معاون خصوصی ڈاکٹر عامر بلال کی قیادت میں شعبہ صحت میں اصلاحات کے لئے ٹاسک فورس کے اقدامات کو سراہا۔