پاکستان ویمنز نے نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

63

اسلام آباد، 05 دسمبر (اے پی پی): پاکستان ویمنز نے نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی۔

ڈنیڈن میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں فاطمہ ثنا کی 3 وکٹیں، عالیہ ریاض کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ویمنز ٹیم نے 10 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں T20 سیریز جیتنے پر مبارکباد، پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی قدر بھی مردوں سے پیچھے نہیں،نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ اسی طرح محنت کرتی رہیں تو پاکستان وومن کرکٹ ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر جائے گا۔

دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پلئیر آف دی میچ عالیہ ریاض کے  32 رنز ناٹ آؤٹ اور فاطمہ ثنا کی 22 رنز کے عوض 3 وکٹوں نے  پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نہ صرف10  رنز سے کامیابی دلادی بلکہ اس نے پہلی بار نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز بھی جیت لی۔

پاکستانی ویمنز ٹیم نے فاطمہ ثنا کی شاندار  بولنگ کے نتیجے میں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سات وکٹوں سے جیتا تھا جو اس کی نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی تھی۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر137  رنز اسکور کیے جو نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ویمنز کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔نیوزی لینڈ ویمنز جواب میں 7 وکٹوں پر127  رنز بنا سکی۔

پاکستان ویمنز کی اننگز میں منیبہ علی نے 28 گیندوں پر35  رنز اسکور کیے، شوال ذوالفقار ،بسمہ معروف 21 اور کپتان ندا ڈار14 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔عالیہ ریاض نے 22گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے32 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگز کھیلی جس کی وجہ سے مہمان ٹیم 137 کے اسکور تک پہنچ پائی جبکہ فاطمہ ثنا نے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال نے 29  رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 9 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔