پاکستان کی حکومت اور عوام بوہرہ برادری کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

30

اسلام آباد،05دسمبر  (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کی ترقی میں بوہرہ برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بوہرہ برادری کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار داؤدی بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین  کی قیادت میں بوہرہ برادری کے آٹھ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور امورِ مشرقِ وسطی و اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانی مولانا طاہر اشرفی بھی شریک تھے۔

وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے دورہء پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے بوہرہ برادری کے پاکستان کی ترقی میں کردار کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کی تعلیمات میں ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور صفائی ستھرائی کے موضوعات پر خصوصی توجہ کی بھی تعریف کی۔

 وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام بوہرہ برادری کی پاکستان کیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر مفضل سیف الدین کو ان کی  پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں دیئے جانے والے نشانِ پاکستان پر انہیں  مبارکباد دی۔ بوہرہ برادی کے وفد نے وزیرِ اعظم کے بین الاقوامی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے ترقی پذیر ممالک کیلئے مضر اثرات کو اجاگر کرنے کے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پوری عالمِ انسانیت کو معدومیت کا خطرہ لاحق ہے، مذہبی پیشواؤں کو اپنی تعلیمات میں اس اہم موضوع پر تسلسل سے بات کرنی چاہئیے۔

 وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کے بین الامذاہب ہم آہنگی کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر مذہب اور رنگ و نسل کے لوگ موجود ہیں جن کو و برابر حقوق حاصل ہیں، بوہرہ برادری نے قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک ملک کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ بوہرہ برادری آئندہ بھی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے یونہی اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔