پاکستان کے دور دراز علاقوں  کی  ہنر مند خواتین کو معاشی طور پر مستحکم اور خود مختار بنانا ہمارا اولین مقصد ہے؛ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو آئی پی او  حسن کلیب

49

 اسلام آباد،7دسمبر(اے پی پی): ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (ڈبلیو آئی پی او ) حسن کلیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں ملتان اور بہاولپور سے تعلق رکھنے والی ہنر مند خواتین کو معاشی طور پر مستحکم اور خود مختار بنانے کے لئیے کاروباری سہولتیں اور پلیٹ فارم فراہم کرنا ہمارا اولین مقصد ہے۔

ان خیالات  کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو آئی پی او  حسن کلیب نے  جمعرات کو یہاں ورلڈ انٹیلیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن اور انٹیلیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ  سیمینار سے  خطاب میں کیا۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو آئی پی او  حسن کلیب نے کہا کہ ورلڈ انٹیلیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن ،انٹیلیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان کے چیئرمین فرخ عامل کی کاوشوں اور  اشتراک سے خواتین کے ہاتھ سے بنی ہوئی ایمبرائیڈری اور ہینڈی کرافٹس کے کاروبار کے لئیے ایک پراجیکٹ کے تحت انھیں کاروباری سہولتیں فراہم کرے  گی تاکہ وہ اپنے پیروں پر اپنی محنت کے بل بوتے پر کھڑی ہو سکیں۔

حسن کلیب نے کہا کہ  سب سے پہلے ملتان اور بہاولپور سے تعلق رکھنے والی خواتین سمال اینڈ میڈیم اینٹرپرائیز پراجیکٹ کے تحت مستفید ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ  جنوری 2023 سے ہم اڑتالیس وویمن اینٹرپرینور پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جسکا مقصد خواتین کی اپنی برانڈذ کو  مارکیٹ میں متعارف کروانا ہے۔

انھوں نے کہا کہ  پاکستان میں 90 فیصد خواتین سمال اینڈ میڈیم اینڑپرائیز سے منسلک ہیں جو کہ جی ڈی پی کا 30 فیصد بنتا ہے۔آئی پی او مسقبل میں خواتین کی سمال اینڈ میڈیم اینڑپرائیز کے لئیے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔

انٹیلیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان کے چیئرمین فرخ عامل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت  خواتین کی سمال اینڈ میڈیم اینڑپرائیز میں شمولیت ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ  یہاں لوگوں کو معاشی چیلنجز کی وجہ سے بہت سی مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ  اس پراجیکٹ سے دنیا کو بھی معلوم ہو سکے گا کہ پاکستان میں کتنا ٹیلنٹ  اور تخلیقی صلاحیتیں موجود ہیں۔