پشاور؛ حیات آباد پولیس نے قیمتی موبائل فونز چھیننے والے راہزن گینگ کو گرفتار کرلیا

33

 

پشاور، 19اکتوبر(اے پی پی): حیات آباد پولیس نے قیمتی موبائل فونز چھیننے والا منظم راہزن گینگ بے نقاب کرکے ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔اس سلسلے میں اے ایس پی حیات آباد نایاب رمضان نے ایک پریس بریفنگ میں میڈیا کو بتایا کہ قیمتی موبائل فونز چھیننے کی شکایات پر ایس ایچ او تھانہ حیات آباد عمران عالم کی سربراہی میں خصوصی ٹیم بنائی گئی، جنہوں نے سائنسی بنیادوں اور مختلف زاویوں پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے جیل سے رہا شدہ عادی جرائم پیشہ افراد سمیت ان کے قریبی روابط رکھنے والے افراد کی بھی نگرانی شروع کی ، دوران تفتیش ٹیم کو اہم کامیابی ملی، سرگرم راہزن گروہ کے سرغنہ ہمت خان کا سراغ لگا کر گرفتار کیا گیا، جس نے گروہ کے دیگر تین ارکان کی نشاندہی کراکر انکو بھی گرفتار کرایا ۔

 گرفتار ملزمان میں ہمت خان (سرغنہ)، بلال، ادریس اور راج دار شامل ہیں جو ہمسایہ ملک افغانستان کے رہائشی ہیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئے پشاور کے مختلف علاقوں میں چھاپہ زنی کیساتھ ساتھ خفیہ انفارمیشن پر ضلع خیبر میں بھی چھاپے مارے گئے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران سنیچنگ کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، کارروائی کے دوران ملزمان سے ابتدائی طور پر 19 عدد چھینے گئے قیمتی آئی فونز برآمد کر لئے گئے ہیں جنکی مالیت بھاری رقم بنتی ہے۔

 ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، ملزمان وادارتوں کے بعد موٹر سائیکل کے نمبر پلیٹس تبدیل کرتے تھے جن سے مختلف جعلی نمبر پلیٹس بھی برآمد کر لئے گئے ہیں ، گرفتار ملزمان نے چھینے گئے آئی فونز کی ایک کھیپ افغانستان سمگل کرنے کا انکشاف کیا ہے، ملزمان برآمد شدہ آئی فونز کی دوسری کھیپ افغانستان سمگل کرنے کی تیاری کر رہے تھے، وہ لوکل مارکیٹ میں چھینے گئے آئی فونز سپیئرپارٹس کی شکل میں بھی فروخت کرتے تھے جن سے متعدد آئی فونز سپیئر پارٹس بھی برآمد کر لئے گئے ہیں ، جن کی مالیت بھی لاکھوں روپے بنتی ہے۔

برآمد شدہ فونز کے اصل مالکان کا سراغ لگایا جا رہا ہے جن میں سے ابتدائی طور پر ایک شہری کی شناخت ہو چکی ہے جس کو موبائل فون حوالے کیا جا رہا ہے،دیگر برآمد شدہ فونز مالکان کا سراغ لگا کر کورئیر سروس کے ذریعے ان کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے ،ملزمان کی نشاندہی پر متعدد دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے جن میں چوری شدہ موبائل فونز کے لین دین کرنے والے ریسیورز بھی شامل ہیں،گرفتار ملزمان کی سزا کے بعد انکی ملک سے بیدخلی کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کیا جا رہا ہے۔