پیمرا رولز کے تحت لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بیورو آفسز قائم کرنے کے پابند ہیں؛مرتضی سولنگی

25

 

کوئٹہ،8دسمبر  (اے پی پی):نگران وفاقی وزیراطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ پیمرا رولز کے تحت لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں اپنے بیورو دفاتر قائم کرنے کے پابند ہیں، جو چینل اپنے بیورو بند کر رہے ہیں، ان کے مالکان سے بات کریں گے، میڈیا ورکرز سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام بول نیوز، روزنامہ دنیا اور روزنامہ انتخاب سے ورکرز کی جبری برطرفیوں کے خلاف منعقدہ مظاہرے سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔

 صدر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس عرفان سعید نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں میڈیا ورکروں کے تحفظ کے لئے اقدامات اٹھائیں، بلوچستان میں پہلے ہی روزگار کے مواقع محدود ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے صحافیوں کی برطرفی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی پالیسیاں ناگزیر ہیں جو صحافی برادری سمیت ملازمین کے حقوق کا تحفظ کریں۔