لاہور، 21 دسمبر (اے پی پی): کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے علی الصبح ای رجسٹری اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔
کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای رجسٹری کا 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور ڈیڈ لائن تک تمام کام مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر لاہور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای رجسٹری میں سب رجسٹرار کے اسٹیٹ آف دی آرٹ دفتر بنیں گے اور ای رجسٹری جدید سہولیات سے آراستہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ریونیو امور کیلئے ایک ہی چھت تلے کارپوریٹ طرز پر تمام سہولیات دستیاب ہونگی۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے پی آئی سی میں رات کی شفٹ میں جاری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے اچانک دورہ کیا۔ داخلی و خارجی راستے، لانز اور آوٹر ایریا کے ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا۔ پی آئی سی انتظامی افسران،چیف انجینئر ٹیپا، ڈیزائین آرکیٹیکچر و کنٹریکٹر نے کمشنر لاہور کو بریفنگ دی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر پی آئی سی ایمرجنسی کے گرد ٹریفک ری ویمپنگ کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے پی آئی سی میں آنے والے مریضوں کے ساتھ افراد کیلئے خصوصی سہولیات یقینی بنائی جائیںگی۔