لاہور20دسمبر(اے پی پی): کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سائیکل کلچر و صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سائیکل کلچر کے فروغ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی ٹی بی کی خصوصی سائیکل ایپ متعارف کرانے کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں، سائیکل کلچر فروغ ایپ علیحدہ بھی دستیاب ہوگی، گو پنجاب پی آئی ٹی بی سے بھی لنک ہوگی۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ سائیکل کلچر فروغ سٹیک ہولڈر کانفرنس میں پرائیویٹ سیکٹرز،بینکس اور سائیکلسٹ کو بھی مدعو کیا جائیگا، کانفرنس میں پی آئی ٹی بی اور ٹیپا پریزنٹیشن دینگے،بزنس ماڈل سے متعارف کرایا جائیگا اور تجاویز بھی لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ استنبول چوک تا کینال،صدیق سنٹر مین بلیوارڈ تا لبرٹی دونوں اطراف میں گرین سائیکل لین تقریبا تیار ہے اور اس کے علاوہ تجویز ہے کہ سائیکل ٹریک پر بس سٹاپس کے پاس ہی سائیکل سٹینڈز بنیں۔
محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ سائیکل کلچر فروغ کیلئے بزنس ماڈل کی بنیادپر سرکاری اخراجات نہیں ہونگے، پی آئی ٹی بی کی سائیکل کلچر فروغ کیلئے ایپ کی ورکنگ تیار ہے،سائیکلسٹ کی سیفٹی و سکیورٹی یقینی بنائیں گے، کمشنر لاہور نے کہا کہ تیار سائیکل لینز ایریا کے فوڈ چینز سے ڈسکاونٹ آفر ہوگی،ایپ پر ڈسکاونٹ مشتہر ہوگا، سائیکلسٹ ایپ کو آن کریں گے،کیو آر کوڈ کی بنیاد پر فوڈ ڈسکاونٹ حاصل کریں گے۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ سائیکلنگ کے فروغ کے لیے شہریوں کو رینٹ پر سائیکلیں فراہم کی جائیں گی، اظہار دلچسپی کے اشتہاردیکر سائیکل کمپنیز و گروپس کو مدعو کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں ٹیپا اور پی آئی ٹی بی نے اپنا ایکشن پلان پیش کیا اور عملدرآمد کے لیے ٹائم لائن بھی طلب کی گئی۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ نجی سیکٹر، شہر کی بڑی سوسائٹیزبھی شہریوں کو سائیکلنگ کی سہولت فراہم کریں، لاہور میں ماحول دوست اقدامات کو پروان چڑھا رہے ہیں، شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، مہم میں تعلیمی ادارے، سائیکلنگ کمپنیاں، سروسز پروائیڈرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، وکلاء، ڈاکٹرز، پبلک اور پرائیوٹ سیکٹرز کو خصوصی مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جاوید چوہان، ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف۔چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین ودیگر افسران نے شرکت کی۔