اسلام آباد،22دسمبر(اے پی پی): سیکریٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی آصف حیدر شاہ نے کانفرنس آف پارٹیز(کوپ) ۲۸ کے موقع پر مطلوبہ اہداف کی طرف پیش قدمی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کلائمیٹ فنانسنگ میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ہونے والی پیش رفت ایک حوصلہ افزا اقدام ہے۔ لوس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے بورڈ میں پاکستان کی شمولیت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعتراف ہے۔
وہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز کے سینٹرفارسٹریٹیجک پرسپیکٹیو کے زیراہتمام منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا موضوع‘کوپ ۲۸؛ ایک تجزیاتی نکتہ نظر ’ تھا۔ کانفرنس سے موسمیاتی تبدیلیوں کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کے اتحاد کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عائشہ خان، ورلڈ وائلڈ لائف کے ڈائریکٹرعمران ثاقب خالد، ایس ڈی پی آئی کے سربراہ ڈاکٹر شفقت منیر، قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر الہی نظر، ورلڈ بنک کے احسن تحسین اور دیگر نے خطاب کیا۔
گول میز سے اپنے افتتاحی خطاب میں آئی ایس ایس آئی کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر نیلم نگار نے کوپ ۲۸ میں کئے جانے والے فیصلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈائریکٹرجنرل آئی ایس ایس آئی ایمبیسڈر سہیل محمود نے کہا کہ کوپ ۲۸ نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ناقابل تردید حقائق پر مثبت گفگتو کے دروازے کھولے ہیں۔