لاہور، 26 دسمبر ( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر روح العالم صدیقی نے ملاقات کی۔بنگلہ دیش کے اعزازی قونصل جنرل قاضی ہمایوں فرید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ملاقات میں دو طرفہ تجارت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن اور بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام بالخصوص عورتوں اور بچوں پر اسرائیلی بمباری اور مظالم پر تشویش کا اظہار کیا ۔گورنر پنجاب نے بنگلہ دیش کے اعزازی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کے وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہیں ،یہ سن کر خوشی ہوئی کہ پاکستان کے میڈیکل اور ڈینٹسٹری کے طلبہ سکالر شپ پر بنگلہ دیش میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے پاکستانی تعلیمی اداروں میں سکالر شپس کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے بات کروں گا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ہائی کمشنر بنگلہ دیش نے اس موقع پر کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تجارت کے حجم میں بہتری آ رہی ہے۔ پاکستان کے ساتھ دفاع ، تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون میں مثبت پیشرفت جاری ہے،بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں وسعت کا خواہشمند ہے۔
روح العالم صدیقی نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے بنگلہ دیش کے ویزے بالخصوص ملازمت کے ویزے کے حصول کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔