گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی اور ایلومینائی کے وفد کی ملاقات

33

لاہور، 20 دسمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی اور ایلومینائی کے وفد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی قیادت میں ملاقات کی۔وفد میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی یو کے اور یو ایس اے سے آئی ہوئی ایلومینائی ڈاکٹر حبا حیدر، ڈاکٹر وردہ طارق، ڈاکٹر فوزیہ وقار، پرو وائس چانسلر،  کامران خالد خواجہ، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر نورین اکمل، رجسٹرار فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ندیم، پروفیسر ،ڈاکٹر بلقیس شبیر سمیت دیگر فیکلٹی ممبران شامل تھے۔

 گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی قیادت میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں فیملی میڈیسن پر کام سمیت کئی بہتریاں ہو رہی ہیں۔  انھوں نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود ایک مثبت اجتماعی سوچ سے معاشرے کے ہر شعبے میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔  گورنر پنجاب نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی ایلومینائی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔ آپ کا اپنی مادر علمی کی بہتری میں کردار ادا کرنا قابل ستائش ہے۔ اگر آپ ٹھان لیں کہ اپنے ادارے کو ورلڈ کلاس بنانا ہے تو اس کی اثرات دور تک جائیں گے۔  گورنر پنجاب نے کہا کہ ہیلتھ ریفارمز کے لیے سسٹم اور فریم ورک کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایلومینائی ادارے میں اپنے نام سے کلاس رومز، بلاکس اور لیبز بنا سکتے ہیں ۔ ملک میں منظم طریقے سے نرسنگ کیئر کی سہولیات بڑھانے کی ضرورت ہے ۔

ڈاکٹر خالدمسعود گوندل نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی ایلومینائی اپنی مادر علمی میں سکالرشپس اور ڈویلپمنٹ پروجیکٹس میں قابل قدر حصہ ڈال رہی ہیں۔  راجن پور سیلاب زدہ علاقوں میں 100 گھروں کی تعمیر، سکول، ڈسپنسری کی تعمیر میں بھی ایلومینائی نے خطیر رقم دی۔

پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر نے بتایا کہ کووڈ کے دوران فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیلی میڈیسن کے شعبے کا قیام عمل میں لایا گیا اور کہا کہ گائنی سے متعلق ریسرچ پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔