گورنر پنجاب کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات پر قائم کنسورشیم کا اجلاس ، سموگ کے مسئلہ کے حل کیلئے اقدامات پر گفتگو کی گئی

17

 

لاہور،9دسمبر  (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن  کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات پر قائم کنسورشیم کا اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں سموگ کے مسئلہ کے حل کے لیے تجاویز اور اقدامات پر خصوصی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر سمیت مختلف سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرین نے  شرکت کی۔

 اس موقع پر کنسورشیم کے کنوینئر سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور واجد نسیم جتوئی نے گورنر پنجاب کو کنسورشیم میں پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ سموگ ماحولیات کے لیے بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے انسانی صحت پر بہت مضراثرات ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی حالات میں غیرمعمولی اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔انہوں  نے کہا کہ جامعات ماحولیات پر کی گئی تحقیق اور ماہرین کے تجربات کی روشنی میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ کے حل میں کردار ادا کریں ۔انہوں نے چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر کو ہدایت کی کہ اکیڈیمیاء اور انڈسٹری کے روابط کو مضبوط بنائیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات کے طلبا سوشل میڈیا پر ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے متعلق عوام  میں آگہی پھیلانے کے لیے پیغامات کی تشہیر کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیاں اپنے وسائل سے سموگ جیسے مسئلہ کے حل اور ماحولیات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔انہوں  نے کہا کہ شارٹ ٹرم سلوشنز پر فوری کام شروع کیا جائے۔

گورنر پنجاب نے مختلف اسٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری محکموں کو سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حتمی سفارشات تین دن کے اندر بھیجنے کی ہدایت بھی کی ۔