لاہور، 08 جنوری (اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیف سٹیز اتھارٹی قربان لائنز کا دورہِ کیا اور اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ای خدمت مرکز، ٹریفک لائسنسنگ امور ، سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنز سمیت دیگر محکمانہ امور زیر بحث آئے۔آئی جی پنجاب نے لاہور میں ای خدمت مرکز کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت بھی دی۔
آئی جی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای خدمت مرکز میں شہری ایک مشین سے 14 سہولیات حاصل کر سکیں گے ، مشین کے ساتھ سکینر منسلک ہوگا اور فیس کی ادائیگی بذریعہ پی ایس آئی ڈی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے بعد ای خدمت مرکز کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے ٹریفک لائسنسنگ سے متعلقہ امور کے ازالے کیلئے ٹریفک پولیس کو پی آئی ٹی بی کے ساتھ موثر کوآرڈی نیشن کی ہدایت بھی دی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ 31 جنوری تک ویب پر مبنی آن لائن لائسنسنگ سمیت تمام سروسز کو ٹریفک ایپلی کیشن پر منتقل کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک پولیس کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور دفاتر کی تزئین و آرائش کا کام 31 جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ماڈل ٹاون اور اچھرہ میں سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن اور سائبان پراجیکٹ کو 10 جنوری تک مکمل کیا جائے۔
شاندار کارکردگی کے حامل پولیس افسران کی عزت افزائی کیلئے سنٹرل پولیس آفس کی بیسمنٹ کی دیوار کو سجایا جائے گا۔ اس دیوار پر شاندار کارکردگی کے حامل افسران کے نام ، تصاویر اور شکریہ کے پیغامات درج ہونگے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایم ڈی سیف سٹی دیگر اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹس پر جاری کام کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ وزٹس کا آغاز کریں گے۔ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی، چیئرمین پی آئی ٹی بی ، چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی مستنصر فیروز، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر ، ایس ایس پی آپریشنز لاہور ، ایس پی ماڈل ٹاون، اے ایس پی گلبرگ سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔