لاہور5جنوری:( اے پی پی ) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے معاونت فراہم کرنا سرکاری افسران کی آئینی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انتخابی ضا بطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی سے متعلق رپورٹ باقاعدگی سے بھجوائی جائے۔ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات پیشگی مکمل کر لئے جائیں۔پولنگ ڈے پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔
صوبائی فوکل پرسن/سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دی اور بتایا کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے صوبہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ دفعہ 144کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہو گی ،مانیٹرنگ کیلئے محکمہ داخلہ میں صوبائی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ اضلاع میں کنٹرول رومز قائم، فوکل پرسنز مقرر کر دیئے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سیکرٹر ی داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔