اسلام نے معاشرت کیلئے انتہائی اعلیٰ و عمدہ حقوق دیے ہیں،انیق احمد

22

 

اسلام آباد،18 جنوری (اے پی پی): نگران وفاقی  وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ معاشرے میں ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کیلئے جہالت کا خاتمہ ضروری ہے،ہمیں معاشرے میں رنگ بکھیر کر مزید خوبصورت بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جمعرات کواقراء یونیورسٹی میں بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام نے معاشرت کیلئے انتہائی اعلیٰ و عمدہ حقوق دیے ہیں۔ مسلمان معاشرے میں رہنے والے ہر شخص کے حقوق یکساں ہیں۔ دین ہمیں تعلیم دیتا ہے کہ غیر مسلموں کے ساتھ مشترکات پر بات کی جائے۔

 وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ ایک مسلمان میں نبی اکرم ﷺ کے اخلاق عظیمہ کی جھلک نظر آنی چاہیے۔

ڈاکٹر محسن نقوی نے کہا کہ معاشروں میں حقوق و فرائض کا خیال نہ رکھنے سے انتشار پھیلتا ہے۔ کارڈینل جوزف کوٹس کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے مذاہب کو جاننا نہایت اہم ہے۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور کا درسگاہوں میں بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار منعقد کروانے کے عمل کو لائق تحسین  قرار دیا۔

سردار رمیش سنگھ نے کہا کہ تمام مذاہب امن و محبت کا درس دیتے ہیں۔ اقراء یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصر اکرام نے سیمینار کے انعقاد پر وزارت مذہبی امور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمام شرکائے کانفرنس کاشکریہ ادا کیا۔