اسٹاک مارکیٹ میں سرما یہ کاری بڑھے گی تو ہی ملک معاشی طور پر آگے جائے گا؛ احسن ظفر بختاوری

37

اسلام آباد، 09 جنوری  (اے پی پی ): اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے پیسے کو گھروں میں رکھنے کی بجائے اسٹاک مارکیٹ میں انویسٹ کرنا چاہیے، اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری  بڑھے گی تو ہی ملک معاشی طور پر آگے جائے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں فنانشل لٹریسی و سرمایہ کاری سے متعلق آگاہی سیمینارسے خطاب میں احسن بختاوری نے کہا کہ ملک کو موجودگی معاشی بحران سے نکالنے کیلئے بزنس کمیونٹی سمیت سب کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، تمام لوگ سٹاک مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ شئیرز خریدنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ  اس وقت شرح سود 22 فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے، شرح سود میں اضافے کی وجہ سے کمپنیاں ترقی نہیں کر پاتیں، معاشی بہتری کیلئے شرح سود کو کم کیا جانا چاہیے۔

سیمینار سے وائس چیئرین پاکستان اسٹاک بروکر ایسوی ایشن زاہد لطیف خان نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اسٹاک مارکیٹ میں کی گئی سرمایہ کاری  سب سے زیادہ فائدہ مند ہے، اسٹاک مارکیٹ میں ایف بی آر کا کسی انویسٹر سے براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 24 کروڑ آبادی والا ملک ہے، حالات اتنے بڑے نہیں جو بتائے جاتے ہیں۔

زاہد لطیف نے کہا کہ  گزشتہ دنوں آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے اور ڈیفالٹ کے خطرہ ٹلنے کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی ۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کا بھی اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثر پڑا۔

سیمینار سے ریجنل ہیڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج سرمد حسین  نے  خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ موجودہ بلند ترین شرح سود میں بزنس انویسٹمنٹ  کیلئے بینکوں کے پاس جانا ممکن نہیں، اسٹاک ایکسچینج آپ کو مواقع فراہم کرتی ہے کہ بزنس آئیڈیاز لے کر آئیں اور سرمایہ کاری حاصل کریں۔