اسلام آباد،09 جنوری(اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے انٹیلی جنس بیورو کیلئے 25 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے ۔
نگران وفاقی وزیر خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرصدارت منعقدہونے والے اجلاس میں جاری مالی سال کے دوران انٹیلی جنس بیورو کیلئے 25کروڑ روپے کے اضافی فنڈز کی فراہمی سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ انٹیلی جنس بیوروکی جانب سے کمیٹی کودہشت گردی کے واقعات میں اضافہ سے متعلق بریفنگ دی گئی اوربتایاگیا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کوروکنے کیلئے موثرجوابی اقدامات ضروری ہیں۔ کمیٹی نے آئی بی کی اپ گریڈیشن، تکنیکی بہتری اور بیورو کی سرگرمیوں کیلئے ضرورت کی بنیادپرتکنیکی ضمنی گرانٹ کی صورت میں فنڈز کی فراہمی کی منظوری دیدی۔
اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوارکی جانب سے مقامی طورپرتیارکردہ یوریا کے ساتھ درآمدی یوریا کی باسکٹ پرائس پر فروخت کے طریقہ کار سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ ای سی سی نے ویٹڈ اوسط قیمت کی منظوری دیتے ہوئے نیشنل فرٹیلائزرمینوفیکچرنگ لمیٹڈ کمپنی کو قیمتیں معقول رکھنے جبکہ وزارت صنعت وپیداوارکو سارے عمل کی نگرانی کی ہدایت کی۔
ای سی سی نے وزارت قومی صحت و خدمات کی سمری پر فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کیلئے 3568.56 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔ ای سی سی نے صوبوں کوزیرالتواواجبات کلیئر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں سبسڈی گرانٹ ایگریمنٹ (ایس جی اے) کے ضمیمہ پردستخط سے متعلق وزارت خزانہ کی سمری کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی سمری پر100 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ یہ گرانٹ پاکستان ہاکی ٹیم کی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اورکھیلوں کی دیگرسرگرمیوں بشمول بھارت کے ساتھ ڈیوس کپ اورشطرنج کے مقابلوں کیلئے استعمال میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں وزیرنجکاری فوادحسن فواد، وزیرمنصوبہ بندی محمد سمیع سعید، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹرمحمدجہانزیب خان، وزیر قانون احمدعرفان اسلم، وزیراعظم کے مشیرخزانہ ڈاکٹروقارمسعود، وفاقی سیکرٹریز اورمتعلقہ وزارتوں کے سینئرافسران نے شرکت کی۔