الیکشن اپنے وقت ضرور ہوں گے،ہر جماعت یا آزاد امید وار کو انتخابی مہم چلانے کی پوری آزادی ہوگی؛محسن نقوی

13

 

لاہور،20 جنوری (اے پی پی): نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے  کہ  8فروری کو الیکشن ضرور ہوں گے،بالکل واضح بتادیا ہے کہ کوئی بھی امید وار چاہے وہ کسی پارٹی سے ہویا آزاد الیکشن لڑ رہا ہو ان کی انتخابی مہم میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے۔

لاہور چڑیا گھر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو  میں  نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ میں نے آرپی اوز اورکمشنرز کو واضح ہدایت کی ہے کہ کسی صورت بھی کسی کی انتخابی مہم میں کوئی رکاوٹ نہ آئے،ہم نے فری اینڈ فیئر الیکشن کروانا ہے،ہم یہ دھبا نہیں لگوانا چاہتے کہ ہم نے الیکشن فری اینڈ فیئر نہیں کرایا۔کمشنرز اورآر پی اوزکو واضح ہدایت کی ہے کہ الیکشن کے حوالے سے کوئی شکایت نہ آئے۔ ہم سب کے لئے لیول پلینگ فیلڈ یقینی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ  نے کہا کہ الیکشن کا ہرامید وار الیکشن رولز کے مطابق جلسے کرے،جلوس نکالے یا بینرز لگائے،یہ ان کا حق ہے۔ہر امید وار اپنے انداز سے الیکشن رولز کے مطابق انتخابی مہم چلاسکتا ہے۔ہم نیوٹرل رہ کر الیکشن کروائیں گے۔الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی سخت ہدایات ہیں۔فری اینڈ فیئر الیکشن کروانے میں اگرانتظامیہ کی طرف سے کوتاہی ہوئی تو نہ صرف عہدے سے ہٹایا جائے گا بلکہ بعد میں کارروائی بھی کی جائے گی۔

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی  نے کہا کہ حکومت ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کر کے اپنا فرض ادا کررہی ہے،ڈاکٹرز بھی فرض ادا کریں گے۔ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا پہلا فیز تقریبا مکمل ہوچکا ہے،باقی کام آئندہ حکومت کرے گی۔