اسلام آباد،5 جنوری(اے پی پی ): الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام عام انتخابات 2024 کے لئے انتخابی عملے کی ترجیحی بنیادوں پر تربیتی سلسلہ جاری ہے۔ جس کے تحت اب تک 5لاکھ79 ہزار191 افراد کی ضروری تربیت مکمل ہو چکی ہے جبکہ بقیہ 4 لاکھ 6 ہزار 222 افراد کی تربیت یکم فروری2024 تک مکمل ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں تعینات ہونے والے 9 لاکھ 85 ہزار 413 نفوس پر مشتمل انتخابی عملہ کی تربیت کا آغاز نومبر2023ءکے آخری ہفتہ میں کیا تھا ،انتخابی عملہ میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران، پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور دیگر انتخابی عملہ شامل ہے۔
الیکشن کمیشن کی خصوصی ہدایات پر مرکزی کنٹرول روم 26 دسمبر 2023 سے مکمل فعال ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر موصولہ شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ مرکزی کنٹرول روم میں اب تک 45 شکایات موصول ہوئیں اور ان تمام کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی شکایت سیل میںآنے والی 165 شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں اور تمام شکایات کا ازالہ ہو چکا ہے۔
ملک بھر کے تمام اضلاع میں تعینات مانیٹرنگ ٹیمیں بھی متحرک ہو گئی ہیںجو امیدواران کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے تمام تشہیری مواد کو روزانہ کی بنیادوں پر ہٹانے میں مصروف ہیں۔