اسلام آباد،23 جنوری (اے پی پی ): نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کیلئے مبصرین اور غیر ملکی صحافیوں کو 49 ویزے جاری کر دیئے گئے ہیں،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کی کوریج کے لئے بہت سے غیر ملکی صحافیوں نے ویزوں کی درخواستیں دی ہیں جبکہ بہت سے غیر ملکی میڈیا کے نمائندے پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں۔
سولنگی نے بتایا کہ پاکستان کے اندر سے بہت سے صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز دیئے گئے ہیں، جبکہ بین الاقوامی صحافی اور آبزرورز کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لئے اجازت نامے لئے رہے ہیں اور ان تین شہروں کے علاوہ اگر کوئی غیر ملکی صحافی کسی دوسرے شہر میں جانا چاہے تو اس کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ 14 ممالک سے درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور 20 جنوری کی تاریخ گزرنے کے باوجود اب بھی الیکشن کمیشن اور وزارت اطلاعات کے متعلقہ ادارے ان درخواستوں کو دیکھ رہے ہیں۔