”امپاور ہر” مہم، بچیوں کے مستقبل اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل

1

اسلام آباد، 25 جنوری (اے پی پی): نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کی ”امپاور ہر” مہم فائنل فُٹبال  میچوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی ہے۔

 اس ٹورنامنٹ کا انعقاد نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر ) نے چار ماہ سے جاری اپنے  طویل اقدام “امپاور ہر ” کے سلسلے میں کیا جس کا مقصد کھیلوں میں لڑکیوں کی شرکت کو فروغ دینا تھا۔یہ مہم بچیوں کے مستقبل اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ہے۔

”امپاور ہر” مہم کو پاکستان میں لڑکیوں اور خواتین کو کھیلوں خصوصاً فٹ بال میں حصہ لینے سے روکنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فواد حسن فواد کا کہنا تھا کہ زندگی کے ہر میدان میں لڑکیوں اور خواتین کو یکساں مواقع دیا  جانا چاہیئے۔

چیئرپرسن این سی ایچ آر رابعہ جویری آغا نے کہا کہ کھیلوں میں خواتین کو فروغ دینا صرف میدان میں گول کرنے سے کہیں زیادہ ہے یہ  ہمارے لئے رکاوٹوں کو ختم کرنے ، فرسودہ روایات کو مٹانے اور برابری کو فروغ دینے  کا ذریعہ بھی ہے۔

فٹبال میچوں میں چترال، کوئٹہ سے ہزارہ یونائیٹڈ فٹبال کلب اور کراچی یونائیٹڈ کی ٹیموں نے حصہ لیا ، یہ منصوبہ ابتدائی طور پر پاکستان کے چار شہروں کراچی، کوئٹہ، چترال اور اسلام آباد پر توجہ مرکوز کرے گا۔