اسلام آباد،17جنوری (اے پی پی ): چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عام انتخابات کے پرامن انعقاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور لا انفورسمنٹ ایجنسیز کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئیندہ عام انتخابات کے پرامن،محفوظ اور کامیاب انعقاد کے لیے بروقت انتظامی و حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں تاکہ سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز کو انتخابات کے حوالے سے ایک سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار چیف الیکشن کمشنر نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری وزارت داخلہ،چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹری صاحبان، آئی جی صاحبان، دیگر لا انفورسمنٹ ایجنسیوں کے نمائندگان، چیف کمشنر اسلام آباد، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ پولنگ سٹیشنوں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اور الیکشن سے قبل اسے ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا۔تمام حساس ترین پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے انتظامات بھی مکمل ہیں،تمام متعلقہ اداروں کو فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ نے اجلاس کو بتایا کہ برف باری سے متاثرہ اضلاع میں الیکشن کے دن تمام سڑکوں اور راستوں کو کھلا رکھنے اور پولنگ سٹیشنوں تک عوام کی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ہدایات دیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں اورووٹرزکی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، مزید انتخابی ریلیوں اور جلسوں کو بھی مناسب سیکیورٹی مہیا کی جائے اور الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کروایا جائے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان نے بتایا کہ اگر کسی امیدوار یا کسی دیگر شخص نے قانون اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتخابات کی سخت مانٹرنگ ہو گی اور انتخابات مقررہ تاریخ کو ہی منعقد ہوں گے۔