اولمپک کوالیفائر ایونٹ، پاکستان ہاکی ٹیم نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی

16

عمان،19 جنوری(اے پی پی):اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

پاکستان اور ملائشیاء کے مابین میچ سخت مقابلہ کے بعد 3-3 گول سے ڈراء ہوا۔پاکستان نے پول میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ پاکستان کے کپتان عماد شکیل بٹ مین آف دی میچ قرار پائے۔

 ملائشیاء کی جانب سے صاری فطری،ابوکمال اور فرحان اشعری نے گول کئے جبکہ پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے پینلٹی کارنر جبکہ عماد شکیل بٹ اور رانا عبدالوحید نے فیلڈ گول سکور کئے۔پاکستان کے گول کیپر عبداللہ اشتیاق خان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کئی یقینی گول بچائے،  عبداللہ اشتیاق خان نے ملائشیا کے خلاف پینلٹی سٹروک روک کر پاکستان کی سیمی فائینل تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔

 پاکستان ٹیم پول میں دوسرے جبکہ برطانوی ٹیم پول میں پہلے نمبر پر رہی۔ پول بی میں جرمنی پہلے اور نیوزی لینڈ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

  پاکستان جرمنی کے خلاف 20 جنوری کو پاکستانی وقت کے مطابق 21:00 بجے اولمپک کوالیفائر کا سیمی فائینل کھیلے گا۔