مسقط(عمان)،21 جنوری(اے پی پی ): اولمپک کوالیفائر کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان کا سفر اختتام پذیر، پاکستان ایونٹ میں چوتھی پوزیشن پر رہا، براؤنز میڈل میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلہ میں 2-3 گول سے شکست دیکر ایونٹ کا براؤنزمیڈل اور پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفکیشن حاصل کرلی۔
عمان کے شہر مسقط میں جاری اولمپک کوالیفائر میں پاکستان کو نیوزی لینڈ نے شکست دیدی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی جانب سےشاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے کھیل کے 18ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعہ ابوبکر محمود نے گول سکور کرکے برتری قائم کردی۔ پاکستان کو کھیل کے 24ویں منٹ میں پینلٹی سٹروک ایوارڈ ہوا جس پر کھلاڑی ابوبکر محمود نے کامیابی سے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور پاکستان کی برتری کو مستحکم بنایا۔
کھیل کے 24ویں منٹ میں نیوزی لینڈ نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول سکور کیا جبکہ تیسرے کواٹر کے اختتام تک پاکستان کی برتری قائم رہی۔ چوتھے کواٹر کے 52ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ہوگو نے فیلڈ گول سکور کرکے پاکستان کی برتری کا خاتمہ کیا اور میچ کے اختتامی لمحات میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی سکاٹ نے فیلڈ گول سکور کرکے اپنی ٹیم براؤنز میڈل کا حقدار ٹھہرایا۔
پاکستان کی جانب سے گول کیپر عبداللہ اشتیاق نے شاندار اور جاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے آٹھ پینلٹی کارنرز حاصل کئے جس پر فقط ایک گول سکور کرسکی جبکہ پاکستان کو میچ میں دو پینلٹی کارنرز ملے جس میں سے ایک پر گول سکور ہوا۔ پاکستان نے دوسرا گول پینلٹی سٹروک کے ذریعہ سکور کیا۔ آج کے میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کو پینلٹی کارڈ نہیں ملا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے 10 کھلاڑی عمان میں 28تا31 جنوری منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ فائیو سائیڈ ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے عمان میں ہی قیام کرینگے۔