پشاور،8جنوری(اے پی پی): ایبٹ آباد کے عوامی مسائل کے حل کے لئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایبٹ آباد میں فوری نوعیت کے عوامی مسائل کے حل پر غور و غوص کے علاوہ وزیراعلیٰ کے دورہ ایبٹ آباد کے دوران اس سلسلے میں جاری کردہ احکامات پرعملدرآمد کے سلسلے میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز متعلقہ تھانوں کے اچانک دورے کر رہے ہیں جبکہ شاہراہ قراقرم پر مسافروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے پولیس کی پٹرولنگ سمیت دیگر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
اجلاس میں ہزارہ موٹر وے سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لئے این ایچ اے حکام کا خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ خیبرپختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ پر عملدرآمد میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے منصوبے سے متعلق معاملات کو طے کرنے کے لئے رواں ہفتے تمام متعلقہ حکام کا اجلاس بلانے جبکہ سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ پر عملدرآمد تک ایبٹ آباد شہر سے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے وقتی طور پر متبادل انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ایبٹ آباد شہر کو برساتی پانی سے محفوظ بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایبٹ آباد واٹر سپلائی اسکیم پر پیش رفت یقینی بنانے کے لئے غیر معمولی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ایبٹ آباد سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں گاجر بوٹی کی افزائش کے تدارک کے لئے محکمہ زراعت کو خصوصی لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں نگران صوبائی وزراءانجنیئر احمد جان ، انجنیئر عامر ندیم درانی کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید امتیاز حسین شاہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، کمشنر ہزارہ ڈویژن، آر پی او ہزارہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ کے ترجمان بریگیڈیئر (ر) سید مجتبیٰ ترمزی بھی اجلاس میں شریک تھے۔