اسلام آباد،22جنوری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ہم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے تقریباً 20,000 چھوٹے سرمایہ کاروں پر توجہ مرکوز کی ہے کیونکہ ان چھوٹے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کی ترقی اور تجارتی خسارے میں کمی جیسے اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔
یو ایس ایڈ کی جانب سے پیر کو منعقد سرمایہ کاری سمٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ ہمارا تجارتی خسارہ 20 ارب ڈالر ہے، یہ چھوٹے کاروبار (SMEs)اگر 1 ملین ڈالر تک کی برآمدات کریں تو یہ تجارتی خسارہ ختم ہو سکتا ہےاوریہ ہدف ایک سال میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹاپ 100 کمپنیاں 20 بلین امریکی ڈالر برآمد کرتی ہیں جبکہ باقی پاکستان 10 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے، میں ان SMEs کو مصر ، جی سی سی ممالک اور چین لے گیا ہوں تاکہ نئی منڈیاں تلاش کی جاسکیں اور ملکی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے ۔