این بی پی48ویں نیشنل اسنوکر چمپئن شپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل

15

کراچی،18 جنوری (اے پی پی): این بی پی 48ویں نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی،نیشنل بینک کے اسجد اقبال،پنجاب کے شاہد آفتاب،محمد نسیم اختر،احسن رمضان،اویس اللہ منیر،اسلام آباد کے شان نمت، عبدالجاوید اور سندھ کے سہیل شہزادنے ٹاپ ایٹ میں جگ بنالی۔سابق قومی چیمپئن محمد سجاد اور بابر مسیح شکست کھا گئے۔ اسلام آباد کے عبدالجاوید نے  نمبر پانچ سیڈبلوچستان کے عادل خان کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کیا،سہیل شہزاد نے دو سنچری بریک کھیل ڈالے،بابر مسیح 142کا بریک کھیل کر بھی نہ جیت سکے۔ایونٹ کے چھٹے روز چار سنچری بریک کھیلے گئے۔

ٹورنامنٹ ڈائرکٹر نوید کپاڈیا کی جانب سے جاری کرد ہ نتائج کے مطابق  این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر ایرینا میں جاری چیمپئن شپ کے چھٹے روز پہلے ہاف میں کھیلے گئے پہلے پری کوارٹر فائنل میں نیشنل بینک کے اسجد اقبال نے سندھ کے علی حمزہ کو 5-3سے شکست دی۔دوسرے میں پنجاب کے شاہد آفتاب نے سندھ کے عبدالستار کو سخت مقابلے کے بعد5-4سے زیر کیا۔تیسرے پری کوارٹر میں پنجاب کے محمد نسیم اختر نے کے پی کے آکاش رفیق کو 5-1سے اور چوتھے میں پنجاب کے احسن رمضان نے پنجاب ہی کے محمد اعجاز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد5-4سے قابو کیا اور کوارٹرفائنل میں رسائی کو یقینی بنایا۔

دوسرے ہاف میں کھیلے گئے پانچویں پری کوارٹر میں اسلام آباد کے شان نمت نے سابق قومی چیمپئن نیشنل بینک کے محمد سجاد کو 5-0سے ہرایا اور ٹاپ ایٹ میں جگہ بنائی،ان کی جیت کا فریم اسکور 73-66،76-09،57-36،59-08اور 58-21رہا۔چھٹے پری کوارٹر فائنل میں سندھ کے سہیل شہزاد نے پنجاب کے حارث طاہر کو 5-4سے مات دی۔سہیل شہزاد نے دو اور حارث طاہر نے اس میچ میں ایک سنچری بریک بھی کھیلا۔

ساتویں پری کوارٹر میں اسلام آباد کے عبدالجاوید نے بلوچستان کے عادل خان کو چار گھنٹے کے مقابلے کے بعد5-4 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔آٹھویں پری کوارٹر فائنل میں پنجاب کے اویس اللہ منیر نے پنجاب ہی کے بابر مسیح کو 5-4سے ناکام کرتے ہوئے کوارٹر فائنل مرحلے میں نشست کنفرم کی،بابر مسیح نے آٹھویں فریم میں 142کا بریک کھیل کر مقابلہ4-4سے برابر کیا تاہم وہ فیصلہ کن فریم میں شکست کھا گئے۔

 کوارٹر فائنل مرحلے میں آج نیشنل بینک کے اسجد اقبال کا مقابلہ پنجاب کے شاہد آفتاب سے،پنجاب کے نسیم اختر کا مقابلہ پنجاب کے احسن رمضان سے،اسلام آباد کے شان نمت کا مقابلہ سندھ کے سہیل شہزاد سے اور اسلام آباد کے عبدالجاوید کا مقابلہ پنجاب کے اویس اللہ منیر سے ہوگا۔