لاہور، 11 جنوری (اے پی پی): وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں، ان کی صحت و سلامتی کے لئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور مکمل کروایا جائے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں بچوں کو نمونیا سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرض سے بچانے کیلئے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کر کے بچوں کو اس مرض سے بچایا جائے۔
یہ امر قابل ذکر ہےکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید سردی کی لہر نے مختلف بیماریوں کو جنم دیا ہے، کھانسی، بخار اور نمونیے کے مریض بڑی تعداد میں ہسپتالوں کا رخ کر رہےہیں۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ نمونیا کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، شدید کھانسی، نزلہ و زکام اور بخار شامل ہیں۔ طبی ماہرین نے عمر رسیدہ افراد کو بھی خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نمونیا کے شکار مریضوں کو سردی سے بچائیں،زیادہ باہر نہ لے جائیں۔ گرم مشروبات جیسے یخنی ، چائے اور سوپ پلائیں۔ کھانسی اور بخار سمیت تکلیف سے نمٹنے کیلئے ادویات فراہم کی جائیں۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں نمونیا کی تشخیص اور علاج کی سہولتیں مفت دستیاب ہیں۔ پاکستان میں ہر سال ہزاروں بچوں کا نمونیا سے جاں بحق ہونا قابل تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں، ان کی صحت و سلامتی کے لئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور مکمل کروایا جائے۔