تاجر برادری ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن

20

لاہور،03 جنوری ( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں انجمن تاجران لاہور کے وفدنے وقار احمد میاں کی قیادت میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے وفود سے مسلسل ملتا رہتا ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں کاروباری طبقے کے مضبوط ہونے سے معیشت میں بہتری کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد نہ صرف اپنے خاندانوں کے لیے بہتری کرتے ہیں بلکہ کئی خاندانوں کو روزگار دینے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ کاروباری افراد ملکی معیشت میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں لوگوں کی فلاح و بہبود میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ تاجر برادری نے زلزلہ، کووڈ وبا اور سیلاب کے دوران آگے بڑھ کر لوگوں کی مدد کی۔

اس موقع پر تاجر برادری کے وفد نے گورنر پنجاب کو امن وامان، پارکنگ، بجلی کی تاروں، سٹریٹ لائٹس سمیت مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے تاجر برادری کو درپیش مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں عمران بشیر (پیٹرن ان چیف)انجمن تاجران لاہور(قائد اعظم گروپ)، ملک اعجاز(سرپرست اعلیٰ)، ناصر،احمد انصاری، سالک اشفاق اورملک فاروق حفیظ سیمت دیگر شامل تھے۔