تعلیم کے شعبے پر بھرپور توجہ دینے سے ہی ملک کا مستقبل تابناک بنایا جا سکتا ہے؛ صدر اسلام آباد چیمبر احسن بختاوری

19

اسلام آباد،25جنوری(اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے پر بھرپور توجہ دینے سے ہی ملک کا مستقبل تابناک بنایا جا سکتا ہے، آئی ٹی اور ٹیکنیکل ایجوکیشن سے پاکستان کا مستقبل جڑا ہے، حکومت اس شعبے پر توجہ دے۔

جمعرات کو تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے اسلام آباد چیمبر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن بختاوری نے کہا کہ تعلیم کے عالمی دن کو منانے کا مقصد نوجوانوں میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ سروے رپورٹ کے تحت پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں،  ان بچوں کو تعلیمی نظام میں لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ حکومت تعلیم کیلئے مختص بجٹ میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیکنیکل ایجوکیشن سے پاکستان کا مستقبل جڑا ہے، حکومت اس شعبے پر توجہ ہے۔

 صدر چیمبر نے کہا کہ  پڑھے لکھے نوجوان آگے آئیں اور سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں لانے کیلئے انہیں مساجد میں تعلیم دینے کا آغاز کریں۔  نائب صدر آئی سی سی آئی انجینئر اظہر السلام نے تقریب سے خطاب میں تعلیم کیلئے مختص بجٹ کو بڑھا کر 10 فیصد کرنے پر زور دیا۔

 تقریب سے سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی خصوصی  توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک ماڈل سکول چیمبر آف کامرس کے حوالے کیا جائے، بزنس کمیونٹی سکول کو بہتر انداز میں چلانے کے ساتھ ساتھ تمام اخراجات برداشت کریگی۔ انہوں نے تجویز دی کہ تمام تعلیمی اداروں میں ڈبل شفٹ اور ایوننگ کلاسز کا آغاز کیا جائے۔

تقریب سے ڈی جی نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے تعلیم کے موضوع پر اسلام آباد چیمبر میں تقریب کے انعقاد کو سراہا۔ ڈی جی ہمدرد یونیورسٹی  امتیاز حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے عدم برابری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ یونیورسٹیز اور چیمبرز کے درمیان تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، ملک میں پالیسیوں کا تسلسل بہت ضروری ہے۔