اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):ٹی ڈی سی پی اور پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جنوبی پنجاب کی سیاحت کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات ،جنوبی ایشیا کے سب سے بڑےموٹر سپورٹس ایونٹ اور ثقافتی میلہ چولستان ڈیزرٹ ریلی 2024 کے حوالے سے پی ٹی ڈی سی کا غیر ملکی سفراکی آگاہی اور آؤٹ ریچ پروگرام ،ترجمان پی ٹی ڈی سی کے مطابق چولستان ڈیزرٹ ریلی ایک سالانہ تقریب ہے جس کا اہتمام ڈویژن صحرائے چولستان میں کیا جاتا ہے ۔ یہ ریلی 500 کلومیٹر سے زیادہ کے فاصلے پر محیط ہے اور اس میں گاڑیوں اور ڈرائیوروں کی مختلف کیٹیگریز شامل ہیں۔ یہ ریلی اس خطے کے بھرپور ثقافتی ورثے اور قدرتی حسن کی بھی نمائش کرتی ہے، جو تاریخی قلعوں، مندروں، مزاروں اور جنگلی حیات کا گھر ہے۔
سیاحت کی آگاہی اور آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت کمشنر بہاولپور ڈاکٹر احتشام انور، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی رانا آفتاب الرحمان ، جنرل منیجر آپریشنز( ٹی ڈی سی پی) واحد ارجمند ضیاء اور غیر ملکی سفیر وں اور معزز مہمانوں کو جنوبی پنجاب میں سیاحت کے فروغ اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ریلی اور اس کی اہمیت کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی۔ انہیں ریلی کا آفیشل پرومو اور ویب سائٹ کے ساتھ ساتھ ٹرافی بھی دکھائی گئی ۔
سیکرٹری ٹورازم پنجاب راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ ہمیں غیر ملکی سفیروں کے ساتھ سیاحت کے حوالے سے اپنے وژن کو شیئر کرنے کا موقع ملنے پر خوشی ہے۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی نہ صرف کھیلوں کا ایک سنسنی خیز ایونٹ ہے بلکہ یہ ہماری ثقافت،تہذیب و تمدن اور تاریخی ورثے کو دنیا کی نظروں میں اجاگر کرنے کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔ ہم بین الاقوامی برادری کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس منفرد اور شاندار تقریب کو منانے میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔
جنرل منیجرآپریشنز (ٹی ڈی سی پی) واحد ارجمند ضیاء نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی بہاولپور ڈویژن کے لوگوں کے لیے فخر اور شناخت کی علامت بن گئی ہے۔ ریلی نے ہمارے علاقے کو مثبت توجہ اور پہچان دلائی ہے، جس میں سیاحوں کو بہت کچھ پیش کرنا ہے۔ایم ڈی پی ٹی ڈی سی رانا آفتاب الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کی سیاحت کا شعبہ معیشت کو فروغ دے سکتا ہے اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔ پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے میں دلچسپی اور تعاون کے لیے ہم غیر ملکی سفیروں کے شکر گزار ہیں ۔ہم اپنے مہمانوں کو پائیدار اور معیاری سیاحتی خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
غیر ملکی سفیروں نے ٹی ڈی سی پی اور پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جنوبی پنجاب کی سیاحت کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے چولستان ڈیزرٹ ریلی اور اس کے ثقافتی اور ماحولیاتی پہلوؤں کی تعریف کی ۔ انہوں نے اپنے ممالک میں اس تقریب میں شرکت اور فروغ دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔واضح رہے کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی 20سے 25 فروری تک منعقد ہوگی ۔ یہ ریلی ان تمام قومی اور بین الاقوامی ڈرائیوروں اور شائقین کے لیے ہے جو صحرا کے سنسنی اور مہم جوئی کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں ۔