اسلام آباد،12 جنوری(اے پی پی(: موسم سرما کی دھوپ میں دوستوں کا ساتھ ہو یا سر شام آگ کے گرد فیملی کے ساتھ گپ شپ کاماحول، خنک موسم کی یہ محفلیں، سردیوں کی مخصوص سوغات یعنی خشک میوہ جات کے بنا ادھوری اور نامکمل رہتی ہیں۔
موسم میں سردی کی شدت کے آغاز کیساتھ ہی دکانوں اور ریڑھیوں پر خوش رنگ اور ذائقے سے بھرپور خشک میوہ جات کی بہار دکھائی دینے لگتی ہے جو اس سرد موسم میں قدرت کا انمول تحفہ ہیں۔ بادام، پستے ،اخروٹ ، کاجو اور چلغوزے تو گزشتہ کچھ سالوں میں مہنگے ہونے کے باعث نچلے اور متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں لیکن اب بھی مونگ پھلی ہرعام و خاص کا پسندیدہ اور اس موسم میں شاید سب سے زیادہ استعمال ہونے والا میوہ ہے۔
یہ خشک میوہ جات ذائقے کے ساتھ ساتھ اس سرد موسم میں مختلف بیماریوں کے خلاف مضبوط ڈھال کے طور پر بھی کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق خشک میوہ جات جہاں شدید سردی میں جسم کے درجہ حرارت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں وہیں ان کا استعمال بلڈ پریشر اور اعصابی امراض پر قابو پانے کے لیے بھی مفید ہے۔
سردیوں میں ان میوہ جات کا اعتدال کے ساتھ ان کا استعمال نا صرف موسم کے لطف کو دوبالا کرتا ہے بلکہ ہماری صحت کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔