اسلام آباد ، 4 جنوری ( اے پی پی ):نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بھی ووٹ کا حق رکھتے ہیں، کوئی بھی انسان ڈس ایبل نہیں، قدرت نے انسانیت کو لامحدود صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے۔سیاسی جماعتوں کو اپنے انتخابی منشور میں خصوصی افراد کے لئے پروگرام پیش کرنے چاہئیں اور خصوصی افراد کے لئے قانون سازی بھی منتخب نمائندگان کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان ڈس ایبلڈ فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام خصوصی افراد کیلئے اسلام آباد میں بروز جمعرات تقریب میں کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آنکھ سے نہ دیکھ سکنے والے اپنے دل سے بہت کچھ دیکھ لیتے ہیں، تمام لوگوں کے حقوق مساوی ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں خصوصی افراد کی ضروریات کا خیال رکھا جاتا ہے۔ہمارے ہاں بلڈنگ کوڈز میں خصوصی افراد کی سہولیات کا خیال نہیں رکھا جاتا۔











