راولپنڈی کی ضلعی سطح کی کشمیر مشاورتی کمیٹی کا افتتاحی اجلاس

10

راولپنڈی،12جنوری  (اے پی پی):راولپنڈی کی ضلعی سطح کی کشمیر مشاورتی کمیٹی کا افتتاحی اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ یہ کمیٹی وسیع تر کشمیر مشاورتی کمیٹی کے تحت قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک کر رہی ہیں۔ ضلعی سطح کی مشاورتی کمیٹیوں کا بنیادی مقصد کشمیر کے مسئلے کو نچلی سطح پراجاگر کرنا ہے۔ یہ کمیٹیاں مقامی آبادی میں کشمیر کے مسئلہ پر بیداری، کمیونٹی انگیجمنٹ، وکالت اور ضروری اقدامات کے لئے پلیٹ فارمز کا کردار ادا کریں گی۔

 وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے اس موقع پر کہا کہ اسی طرح کے اجتماعات مختلف اضلاع میں منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ضلعی سطح کی کشمیر مشاورتی کمیٹیوں کے افتتاحی اجلاس تیاری کے مرحلے میں ہیں اور جلد ہی بلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضلعی سطح کی کمیٹیاں مختلف عمر کے افراد اور دانشوروں پر مشتمل ہیں۔

معاون خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اجتماعات نچلی سطح پر کشمیر کاز کو منظم کرنے اور اس کی تشہیر میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ مختلف عقائد اور وابستگیوں سے بالاتر ہوکر پاکستان کے عوام کے اتحاد کی ایک علامت ہے، زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ کشمیر کاز کے لئے گہری عقیدت رکھتے ہیں اور ضلعی سطح پر مشاورت کے ذریعے اس اتحاد کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

مشعال ملک نے طلباءاور ماہرین تعلیم پر زور دیا کہ وہ مقامی اور عالمی سطح پر بیداری پیدا کرنے کے لئے جموں و کشمیر کے مسئلے پر مضامین و تحقیقی مقالے لکھ کر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کشمیر کاز کے لئے لوگوں کو متحد کرنے اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ  جموں و کشمیر کے مظلوم لوگوں کے لئے انصاف اور ان کے حقوق کی وکالت کے لئے ذاتی طور پر گھر گھر مہم چلانے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر معاون خصوصی کی فوکل پرسن سبین حسین ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح کی کشمیر مشاورتی کمیٹیاں پاکستانی عوام کو ہندوستان کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں مظلوموں کی آواز بننے میں مدد کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کمیٹیاں میڈیا آگاہی مہم، تعلیمی اداروں میں سیمینار منعقد کرنے اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالت زار پر روشنی ڈالنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔