پشاور،22جنوری(اے پی پی): ریسکیو1122 پشاور نے ٹائم سنٹر میں لگی آگ پر قابو پا لیا ہے۔
ریسکیو1122 پشاور کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق پشاور صدر میں قائم ٹائم سنٹر (موبائل پلازہ) میں گزشتہ شب ہونیوالی آتشزدگی پر ریسکیو اہلکاروں نے قابو پالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ سے متعلق کل رات 12:45 پر کنٹرول روم کو کال موصول ہوئی، جو عمارت میں ساری رات لگی رہی ۔
ٹائم سنٹر آتشزدگی بارے اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں ترجمان ریسکیو 1122 بلال فیضی نے بتایا کہ مقامی افراد کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس پر ریسکیو اہلکاروں نے 13 گھنٹوں کے مسلسل آپریشن کے بعد قابو پالیا،اور اب وہاں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے خود کی، اور اس آپریشن میں ریسکیو 1122 کی 36 گاڑیوں اور 130 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔
بلال فیضی نے مزید کہا کہ آگ بجھانے کے دوران مارکیٹ میں 4 دکانداروں کو ریسکیو کیا گیا جو سامان لینے گئے تھے، اسکے علاوہ آگ بجھانے کے دوران متعدد ریسکیو اہلکاروں کی بھی حالت غیر ہوئی تاہم اس کے باوجود انہوں نے فائر فائٹنگ جاری رکھی اور کہا کہ موبائل فونز بیٹری کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات پیش آئیں، تاہم پہلے مرحلے میں آگ کو ایک مقام تک محدود رکھا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں اردگرد کی عمارتوں کو محفوظ بنایا گیا۔