لاہور، 26 جنوری(اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ پرنسپل ساہیوال ٹیچنگ میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر محمد عمران بھی نگران صوبائی وزیرصحت کے ہمراہ تھے۔ نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹرجاویداکرم نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک،ایم آرآئی بلاک اور رحمتہ اللعالمین بلاک کا معائنہ کیا۔
پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے رحمتہ اللعالمینﷺبلاک میں تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور ایمرجنسی بلاک میں مریضوں کی عیادت بھی کی۔ پرنسپل پروفیسرڈاکٹرمحمد عمران نے نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹرجاوید اکرم کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے آگاہ کیا۔
نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاویداکرم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی کے حکم پر مختلف سرکاری ہسپتالوں کا تفصیلی دورہ کیاجارہاہے۔ پنجاب کے سو سے زائد سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کا کام کامیابی سے جاری ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اتنے وسیع پیمانے پر سرکاری ہسپتالوں کے حالات بدلے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔