لاہور، 17 جنوری ( اے پی پی )وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی و چیئرمین پاکستان علما ءکونسل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی حکومت پاکستانی حجاج کرام کو مزید بہتر سہولیات مہیا کرنا چاہتی ہے،سعودی عرب اور پاکستان ملکی سلامتی،دفاع اور استحکام کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں،سعودی حکومت نے مقدس مقامات کی زیارت کو آسان بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ،ہوپ آرگنائزیشن زائرین حج و عمرہ کو عمدہ خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں نجی ہوٹل میں تعظیم الحرمین شریفین کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی،سینئر وائس پریذیڈنٹ( ہوپ) محمد ثنا ءاللہ،سی او البراکہ عاطف حنیف اور امتیاز الرحمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
معاون خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حج اور عمرے کا معاملہ کرپشن سے پاک رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،اوورسیز پاکستانی حجاج کے کوٹے میں بھرپور سہولت دیں گے،امید ہے جو سعودی عرب میں نیا سسٹم بن رہا ہے وہ حجاج اکرام کیلئے بہترین ثابت ہو گا،سعودی وزارت حج و عمرہ ہمیں بھرپور سہولت فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب رمی کے دوران حاجیوں کی مشکلات دور کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کرے جبکہ حجاج کی تربیت کے لئے پاکستان علما ءکونسل کا پلیٹ فارم حاضر ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے ،سعودی عرب نے ہمارے پاس رکھے ریزروز کی مدت ایک سال مزید بڑھا دی ہے جو پاکستان کی معیشت کے مسائل کو حل کرنے میں مدد دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرگنائزیشن ہوپ پنجاب کے تمام عہدیداران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس پر وقار تقریب کا انعقاد کیا،حج ایک ایسا عمل ہے جس کا براہ راست تعلق اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہ فیصل شہید خود کو بادشاہ کہلوانا نہیں بلکہ خادم الحرمین شریفین کہلوانا پسند کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دو ممالک ایسے ہیں جو ملکی سلامتی،دفاع اور استحکام کے حوالے سے ایک پلیٹ فارم پر ہیں ،ہمارے مفادات ایک ہیں،اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین کی زمین مملکت سعودی عرب کو دی ہے جبکہ دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت پاکستان کو بنایا ہے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ ہمارے اور سعودی عرب کے تعلقات ایمان اور عقیدہ پر مبنی ہیں،ایمان اور عقیدہ کبھی نہیں چھوڑا جاتا،کسی شخص کوآپ جتنی مرضی آسائشیں دے دیں وہ اپنا عقیدہ اور ایمان کبھی نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ طوافعہ کمپنیاں جو پہلے8 تھیں اب ان کی تعداد بڑھا کر35 کی جا رہی ہے،جب کمپٹیشن ہوگا تو پرائس بھی نیچے آئے گی اور خدمت بھی زیادہ ہوگی،جس سے زائرین کو بھر پور فائدہ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاسپورٹ کے حوالے سے جو مسائل درپیش ہیں ان کو بھی احسن طریقے سے حل کیا جا ئے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان کے حجاج کی دیکھ بھال عظیم ذمہ داری ہے،اس سے اللہ کا قرب حاصل ہوتا ہے،سعودی حکومت نے مقدس مقامات کی زیارت کو آسان بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جن میں روڈ ٹو مکہ حجاج کے لیے اہم اقدام سر فہرست ہے،اس سے حجاج کا سفر کم ہو جائے گا۔تقریب کے آ خر میں معوان خصوصی طاہر محمود اشرفی نے سعودی سفیر کو سو ینئراور ہوپ کی جانب سے طاہر اشرفی کو شیلڈ پیش کی گئی۔