سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کا اجلاس  ، سیکرٹری وزارت  منیر اعظم  کی  بریفنگ

22

اسلام آباد ،9جنوری  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کا اجلاس  منگل کو سینیٹر گردیپ سنگھ  کی زیر صدارت  ہوا ۔ وزارت انسداد منشیات کے سیکرٹری منیر اعظم کی جانب سے وزارت منشیات کے افعال اور آپریشنز پر بریفنگ  دی گئی ۔

  منیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وزارت قومی اور بین الاقوامی دونوں محاذوں پر اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ منشیات کی اسمگلنگ کا خاتمہ قومی اور عالمی دونوں سطحوں پر مشترکہ ذمہ داری ہے۔وزارت نے پالیسی فریم ورک، بین الصوبائی رابطہ کاری اور انسداد منشیات کے شعبے میں بیرونی ممالک سے حاصل ہونے والی امداد کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں ۔

سیکرٹری  نے پاکستان کو پوست سے پاک قرار دینے میں وزارت کی کامیابی کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر 32 ایجنسیوں کی استعداد کار میں اضافے اور شواہد پر مبنی مداخلت کے حوالے سے کوششوں پربھی  روشنی ڈالی گئی۔ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) میجر جنرل محمد انیق نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ، بارڈر کنٹرول اور مشترکہ آپریشنز  میں  تعاون پر زور دیا۔  انہوں نے بتایاکہ بین الاقوامی سطح پر اے این ایف نے وسائل اور تکنیکی معاونت کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی)، انٹرپول اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

 ڈی جی اے این ایف نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے اے این ایف کے آپریشنز اور اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت اے این ایف کے 3211 اہلکار تعینات ہیں جن میں سے 84 کا تعلق اقلیتی گروہوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اے این ایف نے انسداد منشیات کی موثر حکمت عملی پر کامیابی کے ساتھ عمل درآمد کیا ہے اور اس وقت پاکستان کے 23 اضلاع میں کام کر رہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل اے این ایف نے 2018 سے 2023 تک صوبائی حکومت اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں (ایل ای اے) کے تعاون سے ضبط کی جانے والی منشیات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ 2023 میں 73 ہزار 875 منشیات ضبط کی گئیں۔ رواں برس  منشیات کی اسمگلنگ کے سلسلے میں 64 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا. قومی کاوشوں میں اے این ایف کا حصہ 82.4 فیصد بتایا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے محدود وسائل اور افرادی قوت کی کمی پر زور دیتے ہوئے کمیٹی ممبران سے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے خلاف یکساں قومی موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔

اجلاس کے کنوینر سینیٹر گردیپ سنگھ اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے وزارت منشیات اور اے این ایف کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں اے این ایف فورس کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر سینیٹر فلک ناز، سینیٹر دوست محمد خان، سینیٹر انور لال ڈین، سیکرٹری وزارت انسداد منشیات، ڈائریکٹر جنرل (اے این ایف) اور وزارت منشیات کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔