سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ سے نانتونگ ہائی ٹائیڈ بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کے وفد کی ملاقات

12

اسلام آبا د،23 جنوری (اے پی پی ) :  نانتونگ ہائی ٹائیڈ بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کے صدر لین زیو کی قیادت میں ایک وفد  نے آج  سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت سے ملاقات کی جس میں  کمپنی   کی جانب سے پاکستان میں جانوروں میں  پاؤں اور منہ کی بیماری کی ویکسین کی تیاری  کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔   مجوزہ تعاون میں پاکستان میں لیبارٹری  کا قیام، مشترکہ منصوبے، تحقیق اور ترقیاتی شراکت داری  شامل ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے کمپنی  کے بورڈ ممبر چن شانگ نے پاکستان میں جانوروں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ان کی ویکسین کی تاثیر اور معیار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ  کمپنی پاکستان میں ایک نئی سہولت قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس میں مویشیوں، پالتو جانوروں، مرغیوں اور دیگر جانوروں کے لیے اعلیٰ معیار کی ویکسین کی تیاری  پر توجہ دی جائے گی اس کے علاوہ کمپنی پاکستان میں اپنی لیب بھی  قائم کرے گی ۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے سیکرٹری  بی او آئی  نے  زرعی نظام میں جانوروں کی افادیت اور اہمیت کے علاوہ پاکستان کے کسانوں کو درپیش چیلنجز پر بات کرتے ہوئے جانوروں کی صحت کے تحفظ کو عالمی معیار کے مطابق یقینی بنانے کے لیے کمپنی کی کاوشوں میں  تعاون کے لیے بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

اجلاس کے  دوران  وفد نے ڈاکٹر سہیل راجپوت کو چین  میں قائم کمپنی کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ  طویل مدتی اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے ۔

نانتونگ ہائی ٹائیڈ بائیو ٹیکنالوجی 2017 میں ڈاکٹر لین زیوکی طرف سے قائم کی گئی، یہ کمپنی ایک سرکردہ نجی ہائی ٹیک انٹرپرائز کے طور پر کام کرتی ہے  جو جانوروں کی ویکسین اور اس سے متعلق چیزوں میں مہارت رکھتی ہے۔ پائیدار اور صحت مند ترقی کے عزم کے ساتھ، نانٹونگ ہائی ٹائیڈ بائیوٹیکنالوجی نے جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص، روک تھام اور تربیتی خدمات میں سرگرمی سے حصہ لیا ہے۔ کمپنی کا مقصد پاکستان میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانا ہے۔