شعبہ تعلیم کی بہتری اور معاشرے کو تعلیم یافتہ بنانے کیلئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے؛ گورنر خیبرپختونخوا

21

 

پشاور، 24 جنوری (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ تعلیم  کے شعبہ میں سرمایہ کاری قوم کے مستقبل  کی  سرمایہ کاری ہے،تعلیم کا فروغ بحیثیت مسلمان و پاکستانی قوم ہم سب کی اجتماعی ذ مہ داری ہے،جس کیلئے بہترین تعلیمی ماحول پیدا کرنے کی  ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو یہاں  پشاور یونیورسٹی میں عالمی یوم تعلیم کے موقع پر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ ، دوستی ویلفیئر آرگنائزیشن اور پشاور یونیورسٹی کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنرنے اس موقع پر لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور طلباء وطالبات سے بھی ملاقات کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ این سی ایچ ڈی،دوستی ویلفیئر سمیت دیگر تنظیموں کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اقدامات قابل تحسین ہیں۔آج کے دن ہم سب کو یہ مصمم ارادہ کرنا ہوگا کہ اپنے گھر، محلہ،علاقے اورصوبے میں کسی بھی بچے کو تعلیم سے محروم نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ شعبہ تعلیم کی بہتری اور معاشرے کو تعلیم یافتہ بنانے کیلئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے، ترقی کی سوچ اختیار کرنی ہو گی جس کیلئے تعلیم کے فروغ پرخصوصی توجہ دینی ہوگی کیونکہ تعلیم کے بغیر پرامن، ترقی یافتہ و خوشحال معاشرہ کا قیام ممکن نہیں۔

گورنرنے کہاکہ اساتذہ کو اپنے اسکولوں میں سو فیصد تعلیمی نتائج کیلئے ایمانداری سے سخت محنت کرنا ہو گی۔علم ایک طاقتور اور ضروری صلاحیت ہے جو ایک جدید تعلیم یافتہ اور پرامن معاشرہ کے ساتھ ملک کے روشن مستقبل و ترقی کا ضامن ہے،بنیادی تعلیم ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے جبکہ اعلی تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے ہنر مند افرادی قوت فراہم کرتی ہے۔

گورنرنے مزید کہاکہ معیاری تعلیم صرف ایک حق نہیں بلکہ یہ ایک روشن مستقبل کا گیٹ وے ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے طلباء کوتعلیم کے میدان میں دنیا کے مقابلے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرناہوگا کیونکہ  اس وقت تک تعلیم کے میدان میں اقوام عالم کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے جب تک  جدید ریسرچ اور ٹیکنالوجی کو نہیں اپنائیں گے۔

تقریب میں قائمقام وائس چانسلر پشاوریونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیم ، ڈائریکٹر نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ انوراقبال،این سی ایچ ڈی کے ڈاکٹر اعجاز، دوستی ویلفیئر آرگنائزیشن کے ایگزیکٹیوڈائریکٹر محمدآصف ریاض، محمدعرفان،پروفیسر سلمان بنگش،ڈائریکٹرکمیونٹی سروس پروگرام ڈاکٹرشکیل احمد، ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے نمائندوں سمیت تعلیمی ماہرین اورطلباء وطالبات نے شرکت کی۔ گورنرنے آخر میں منتظمین کوشیلڈزاور طلباء وطالبات کو تعریفی اسناد بھی د یئے ۔