اسلام آباد،13جنوری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ شیخ ایاز کا شمار پاکستان کے بالعموم اور سندھ بالخصوص سندھ کے ممتاز اور عظیم شاعروں میں ہوتا ہے، انہوں نے اپنی زندگی جمہوریت ، سماجی انصاف اور عالمگیریت کے اصولوں کیلئے لڑتی ہوئی گزاری۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ ایاز کی 100ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب میں کیا جس کا اہتمام وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور وزارت اطلاعات و نشریات کے اشتراک سے کیا۔ تقریب میں نگران وفاقی وزراء مدد علی سندھی اور جمال شاہ نے شرکت کی۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آج کی تقریب شیخ ایاز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے ، شیخ ایاز سندھی اور اردو دونوں زبانوں میں شاعری، سوانح عمری، ڈرامے اور مختصر کہانیوں پر 50 سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں ۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جمہوری سفر میں شیخ ایاز کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ ایاز نے ہمیشہ سندھ اور پاکستان کے عوام کی خدمت جاری رکھی، ان کی لگن اور محنت نے آج ملک میں جمہوری اصولوں کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام کو جو بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں وہ شیخ ایاز کی قربانیوں سے حاصل ہوئے ہیں۔
مدد علی سندھی نے کہا کہ تقسیم کے بعد برسوں تک سندھ کے عوام کو حقیقی سیاسی نمائندگی نہیں ملی، اس خلا کو شیخ ایاز کی انقلابی شاعری نے پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ ایاز اپنے نظریات پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہ ہونے کی وجہ سے متعدد بار جیل گئے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ ایاز کا نام آنے والے وقتوں تک یاد رکھا جائے گا، جب بھی سندھ میں جمہوریت کی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے گا ان کا نام شاہ عبداللطیف بھٹائی کے بعد لیا جائے گا۔