صاف پانی کی فراہمی کیلئے آٹھ واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز  خیبرپختونخوا  حکومت کے حوالے  

0

پشاور،25 جنوری(اے پی پی): خیبر پختونخوا میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز صوبائی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔

 اس سلسلے میں جمعرات کو  یہاں  وزیراعلیٰ ہاﺅس میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز نے کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے ” واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم کی استعداد میں اضافہ اوردیر پا ترقیاتی اہداف کے حصول ” کے منصوبے کے تحت آٹھ   واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حوالے کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے منصوبے کو بہتر انداز  میں مکمل کرنے پر تمام متعلقہ حکام اور شراکت داروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا اور پارٹنر اداروں “کوریا انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی “اور” یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز”کے باہمی تعاون سے یہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے جو دیر پا ترقیاتی اہداف کے حصول اور ترقیاتی عمل میں درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں مشترکہ جدوجہد کی اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کو ریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے مالی تعاون کی وجہ سے صوبے کے آٹھ اضلاع میں اب واٹر ٹیسٹنگ کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ ان لیبارٹریوں کے ذریعے نہ صرف پینے کے صاف پانی کے معیارکو یقینی بنایا جاسکے گا بلکہ قدرتی آفات یا پانی سے پیدا ہونے والے امراض کے دوران صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی ۔

تقریب میں  ایک فیلڈ ٹریننگ وین بھی پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کا مقصد واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی کمی کو دور کرنا ہے ۔ منصوبے کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی فراہمی کے علاوہ پہلے سے موجود لیبارٹریز میں آلات کی تنصیب ، لیبارٹریز کی عمارتوں کی اپگریڈیشن اور ریمانڈلنگ کے ساتھ ساتھ لیبارٹریز میں کام کرنے والے عملے کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔اسی طرح منصوبے کے تحت صوبائی سطح پر واٹر کوالٹی ڈیٹا منیجمنٹ کو مضبوط کرنے اور اس مقصد کے لئے وزرات ماحولیاتی تبدیلی کے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے کو مزید موثر بنانے کے لئے منیجمنٹ انفارمیشن سافٹ وئیر بھی تیار کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کو موصول ہونے والی موبائل لیبارٹریز صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پانی کے معیار کی جانچ کے لئے بروئے کار لائی جائے گی۔ اس منصوبے سے مجموعی طور پر صوبے کی 50 فیصد سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔

تقریب میں  نگران صوبائی کابینہ کے اراکین،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ وزیراعلیٰ کے ترجمان بریگیڈئر(ریٹائرڈ) سید مجتبیٰ ترمذی، یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز کی کنٹری منیجر ، کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔