پشاور، 12 جنوری (اے پی پی):نگران صوبائی حکومت کے “خوشحال خیبرپختونخوا ” پروگرام کے تحت بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کو عوامی توقعات کے مطابق بہتر بنانے کے سلسلے میں صوبائی محکموں اور اداروں کی کارکردگی اور عوامی خدمات کے مراکز کی براہ راست مانیٹرنگ کیلئے آن لائن ڈیش بورڈ قائم کیا ہے جس کا باضابطہ افتتاح نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ریٹائرڈ) سید ارشد حسین شاہ نے جمعہ کووزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔
خوشحال خیبرپختونخوا ڈیش بورڈ کے ذریعے صوبے کے تمام اضلاع کے عوامی خدمات کی فراہمی کے مراکز کی براہ راست مانیٹرنگ کے علاوہ تمام صوبائی محکموں ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔عوامی خدمات کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کیلئے ابتدائی طور پرکارکردگی کے 27 اعشاریے متعین کئے گئے ہیں جن میں ڈیمارکیشن کیسز ، بلاک شدہ کھیوٹ نمبرز، زیر التواءانتقالات ، سرکاری زمین کو واگزار کرانا اور ریونیو کلکیشن وغیرہ شامل ہیں۔ اسی طرح پولیس ڈیپارٹمنٹ کیلئے 9 اعشاریئے متعین کئے گئے ہیں جن میں منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں ، سٹریٹ کرائمز ، قتل مقاتلے کے کیسز، چوری کے کیسز اور دیگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پہلے مرحلے میں مختلف صوبائی محکموں جن میںمحکمہ صحت، داخلہ وقبائلی اُمور، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، لوکل گورنمنٹ، انرجی اینڈ پاور ، لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، مائنز اینڈ منرلز ، ریلیف و آباد کاری اور محکمہ آبنوشی شامل ہیں، کے بھی کارکردگی کے بنیادی اعشاریئے شامل کئے گئے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام پر عمل درآمد کے سلسلے میں کابینہ اراکین ، چیف سیکرٹری اور اُن کی ٹیم کے کردار کو سراہا اور کہاکہ یہ ایک عوامی فلاح کا منصوبہ ہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں متعدد اقدامات پر کام جاری ہے ۔
اُنہوں نے پروگرام کے اہم خدوخال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیر و ٹالرنس ، امن و امان کا قیام ، طرز حکمرانی میں بہتری ، پبلک سروس ڈیلیوری ، ہیومین ریسورس ایکسپورٹ اسٹر ٹیٹجی ، کھلی کچہریوں کا انعقاد، عوامی شکایات کا ازالہ، منشیات و تجاوزات کے خلاف مہم پروگرام کے اہم فیچرز ہیں ۔ پٹوار خانوں، تھانوں اور عوامی خدمات کے دیگر مراکز کی نگرانی بھی پروگرام کا حصہ ہے ۔
نگران صوبائی وزراءسید مسعود شاہ،احمد رسول بنگش، بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل،ڈاکٹر نجیب اﷲ، انجنیئراحمد جان کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ،متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام تقریب میں شریک ہوئے ۔