صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد کی زیر صدارت ریجنل اور صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ

23

لاہور 03 جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریجنل اور صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے اور پی ٹی اے نے خصوصی شرکت کی۔

 صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فٹنس اور روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کا ای چالان ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ آج ہی سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ ملکر لائحہ عمل طے کیا جائے۔

 ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کر سکتے۔ پہلے مرحلے میں لاہور پھر دوسرے شہروں میں ای چالان شروع کیا جائے گا۔ ایکسل لوڈ انفورسمنٹ کی خلاف ورزی کو ہر حال میں روکا جائے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنا ہوگا۔ وہیکل انسپکشنز کے نظام کو بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اوور لوڈنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

وہیکل سرٹیفکیٹ نہ ہو تو گاڑیاں بند کردی جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں فٹنس اسٹیشنز کو فعال کیا جائے۔ ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر چلنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر کرنا ہوگا۔