صوبے بھر میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے،نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان

16

کوئٹہ،19جنوری(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے ابتک اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سی ایم سیکرٹریٹ میں بلوچستان میں عام انتخابات کے پر امن انعقاد سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبے میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی تعیناتی،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور انتخابی سامان کی بروقت ترسیل سے متعلق اہم فیصلےکئے گئے۔اجلاس کے شرکاءکو چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔

 نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کہا کہ صوبے بھر میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر آٹھ ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے انتخابات میں حسب الطلب پولیس اور لیویز اہلکاروں کی تعیناتی کے لئے نفری کا انتظام کیا جاررہا ہے الیکشن ڈیوٹی کے لئے ریٹائرڈ سیکورٹی اہکاروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی دور دراز اور ناقابل رسائی علاقوں میں الیکشن میٹیریل کی ترسیل ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہوگی جبکہ زیارت اور سرد علاقوں میں ممکنا برف باری کی صورت میں بھاری مشینری متعلقہ ڈسٹرکٹس میں موجود ہوگی۔

 نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ قیام امن کیلئے اٹھائے گئے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے سیکورٹی اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تجویز کردہ اقدامات پر بلا تاخیر کام شروع کیا جائے قبل از الیکشن امیدواروں اور عوام کے تمام تر تحفظات کا فوری ازالہ کرکے ایسا سازگار ماحول قائم کیا جائے جس میں عوام بلا خوف و خطر اپنا ووٹ دے سکیں۔نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی باہمی رابطہ کاری کے ذریعے بلوچستان میں پرامن انتخابات کے لئے اقدامات جاری ہیں اور انتخابات کے انعقاد کے لئے پیش رفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیکر درپیش مشکلات اور چیلنجز کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔