طلباء جدید علوم کو حاصل کریں،مدارس میں جدید نصاب تعلیم متعارف کروانا وقت کا تقاضا ہے، انیق احمد

19

اسلام آباد،24 جنوری(اے پی پی ):  وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ علم دراصل خدا خوفی کا نام ہے،اللہ کی خشیت صاحبان علم کے دل میں ہی ہوتی ہے۔ طلباء جدید علوم کو حاصل کریں اور دنیا کو دین کا تابع بنائیں یہی ہمارے دین کا سبق ہے،مدارس میں جدید نصاب تعلیم متعارف کروانا وقت کا تقاضا ہے۔

جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں تکمیل مفتی ڈگری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مدارس کا احسان مند ہونا چاہیے کہ ہمارے مدارس نے دینی علوم کو محفوظ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ہم مسجد سکول کا آغاز کر رہے ہیں مدارس میں جدید نصاب تعلیم وقت کا تقاضا ہے۔ ہمارے بہت سارے مدارس میں نصاب تعلیم کو جدید بنا دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ طلباَء مدارس سے فراغت کے بعد دنیا کو دین کے تابع بنانے کا ارادہ لے کر دنیا کو فتح کریں۔

  قبل ازیں مولانا یسین ظفر نے معزز مہمان کو جامعہ سلفیہ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کروایا اور بتایا کہ جامعہ کے طلباء دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔ جامعہ سلفیہ کے نصاب میں کسی مسلک کی چھاپ نہیں۔ طلباء کو تقابل ادیان، اقتصادیات، سیاسیات پڑھایا جارہا ہے۔ جامعہ کے فارغ علما قیام امن، مسلکی و مذہبی ہم آہنگی، پولیو کے خاتمے کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔ جامعہ کے تحت اہل علاقہ کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 وزیر مذہبی امور انیق احمد نے تقریب  میں مفتی کی 8 سالہ ڈگری مکمل کرنے والے طلباء  میں اسناد بھی تقسیم کیں۔